
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں کابینہ کے نئے فیصلے کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل سیفٹی نظام متعارف کرایا گیا ہے جو بچوں کے تحفظ سے متعلق سخت قواعد پر مشتمل ہے۔
قانون کے مطابق 15 سال سے کم عمر افراد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی اجازت نہیں ہوگی، اور عمر کی تصدیق کے مؤثر نظام لازمی قرار دیے گئے ہیں جبکہ غلط معلومات یا سادہ تاریخ پیدائش پر مبنی اندراج قابل قبول نہیں ہوگا۔
سرکاری دستاویز کے مطابق والدین کی رضامندی بھی عمر کی پابندی کو ختم نہیں کر سکتی، اور کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس کو خودکار طور پر شناخت کرکے بند یا معطل کرنا لازمی ہوگا۔
قانون میں کہا گیا ہے کہ 15 سال کی عمر کے صارفین کو محدود اور محفوظ فیچرز کے ساتھ سوشل میڈیا تک رسائی دی جائے گی جبکہ انہیں بالغ صارفین جیسا مکمل اختیار حاصل نہیں ہوگا۔
پلیٹ فارمز کو 12 ماہ کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے سسٹمز کو نئے قواعد کے مطابق ڈھال سکیں، بصورت دیگر ان پر جرمانے، بندش یا دیگر انتظامی کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔







