متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں درجہ حرارت 51 ڈگری سے تجاوز: گرمی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور سن اسٹروک سے بچنے کے مشورے

خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی کا موسم اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے جہاں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے بعد حکام نے شہریوں کو اپنی صحت اور تحفظ کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ شدید گرمی نہ صرف تکلیف دہ بلکہ انسانی صحت کے لیے خطرناک بھی ثابت ہو سکتی ہے، بالخصوص بزرگ افراد، بچوں، حاملہ خواتین اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے۔

محکمہ صحت کے مطابق شدید گرمی اور نمی کی زیادتی سے جسم میں پانی کی کمی، سن اسٹروک، جلدی امراض اور سانس کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق چند احتیاطی تدابیر اپنا کر ان خطرات سے بچا جا سکتا ہے۔

گرمی کے مضر اثرات کی ابتدائی علامات کی بروقت شناخت بہت ضروری ہے تاکہ پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔ اگر آپ یا آپ کے ارد گرد کوئی شخص مندرجہ ذیل علامات محسوس کرے تو فوری طور پر احتیاطی اقدامات کریں:

* جسم میں پانی کی کمی، زیادہ پسینہ آنا، شدید پیاس
* چکر آنا، متلی، سر درد
* جلد پر خارش یا چھالے، ناک سے خون آنا، پٹھوں میں درد
* دل کی دھڑکن اور سانس کا تیز ہونا

شدید علامات کی صورت میں فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں۔

گرمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر

* ہلکے، کھلے اور ہوا دار کپڑے پہنیں تاکہ جسم ٹھنڈا رہے۔
* دوپہر کے اوقات میں دھوپ میں جانے سے گریز کریں۔
* زیادہ پانی اور قدرتی مشروبات جیسے سونف، پودینہ، ہبِسکس اور سبز چائے کا استعمال کریں۔
* سورج کی تپش سے بچاؤ کے لیے سن بلاک استعمال کریں۔
* پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھائیں تاکہ مدافعتی نظام مضبوط رہے۔
* ورزش کے لیے صرف موسم کے خوشگوار اوقات کا انتخاب کریں اور ہفتہ وار 150 منٹ کی سرگرمی کو یقینی بنائیں۔

ہیٹ ویو سے متعلق معلومات

وزارت صحت نے وضاحت کی ہے کہ ہیٹ ویو ایک قدرتی موسمیاتی عمل ہے جو گرم ہوا کے فضا میں پھنسنے سے پیدا ہوتا ہے۔ صرف درجہ حرارت بڑھنے کو ہیٹ ویو نہیں کہا جا سکتا، بلکہ مسلسل کئی دنوں تک درجہ حرارت اوسط سے زیادہ رہنے پر ہیٹ ویو ہوتی ہے۔ نمی کی زیادتی بھی موسم کو مزید گرم محسوس کرا سکتی ہے۔

ہیٹ ویو کے دوران حفاظتی اقدامات

* موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔
* پنکھوں اور ایئر کنڈیشنر کا استعمال کریں۔
* گھر میں فرسٹ ایڈ کٹ، پانی کی بوتلیں، کولنگ کپڑے اور ہائیڈریشن سالٹس رکھیں۔
* سن بلاک اور ہلکے رنگ کے کپڑوں کا استعمال کریں۔
* دن کے اوقات میں دھوپ سے بچاؤ کے لیے پردے استعمال کریں اور رات کو کھڑکیاں کھول کر ہوا دار ماحول پیدا کریں۔

حاملہ خواتین کے لیے خصوصی تجاویز

* ہلکے اور پسینہ جذب کرنے والے کپڑے پہنیں۔
* ٹھنڈے پانی کی بوتل ساتھ رکھیں۔
* دن کے وقت ورزش نہ کریں اور ڈاکٹر سے مشورہ لیں۔
* سن بلاک کا استعمال کریں۔
* دن کے اوقات میں دھوپ سے پرہیز کریں اور پانی والے پھل و سبزیاں استعمال کریں۔
* رات کو آٹھ گھنٹے ٹھنڈے کمرے میں نیند لیں۔

سن اسٹروک سے بچاؤ اور ابتدائی امداد

* ہلکے اور سوتی کپڑے پہنیں۔
* دن کے گرم اوقات میں باہر نہ جائیں۔
* سن بلاک ضرور استعمال کریں۔
* پانی کا استعمال بڑھا دیں۔
* خربوزہ، تربوز، کھیرا وغیرہ کھائیں۔
* صرف صبح یا شام کے وقت ورزش کریں۔

سن اسٹروک کی صورت میں فوری طور پر ٹھنڈی اور سایہ دار جگہ پر بیٹھیں، گیلا کپڑا ماتھے، گردن، بغلوں اور رانوں پر لگائیں، غیر ضروری کپڑے ڈھیلے کریں اور اگر حالت بگڑتی جائے تو فوراً ایمبولینس بلائیں۔

دھول کے طوفان کے دوران حفاظتی تدابیر

* غیر ضروری باہر جانے سے گریز کریں۔
* باہر جاتے وقت ماسک (N95) پہنیں۔
* آنکھوں کے تحفظ کے لیے سن گلاسز استعمال کریں۔
* اپنی دوا کا شیڈول باقاعدگی سے فالو کریں۔
* دمے کے مریض ہنگامی انہیلر ہمراہ رکھیں۔
* پانی زیادہ پئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔
* موسم کی معلومات باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔

دھول اور گرمی کی شدت سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ صحت مند اور محفوظ رہ سکیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button