
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں نوجوانوں کے لیے ‘یوتھ فنانشل ایڈوائزرز پروگرام’ کے تحت فِن فلوئنسر بننے کا موقع فراہم کر دیا گیا ہے۔ 25 سے 32 سال کے اماراتی شہریوں کے لیے رجسٹریشن کھول دی گئی ہے۔ چار ماہ پر محیط یہ جامع تربیتی پروگرام نوجوانوں کو مالیاتی خواندگی میں مہارت دے کر مستند مالیاتی مشیر بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
یہ پروگرام وفاقی یوتھ اتھارٹی نے متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک اور سیکیورٹیز اینڈ کموڈٹیز اتھارٹی کے اشتراک سے شروع کیا ہے۔ موجودہ اعداد و شمار کے مطابق یو اے ای میں مالیاتی خواندگی کی شرح محض 30.7 فیصد ہے جو عالمی سطح پر نمایاں فرق کے ساتھ کم ہے۔
وزیر مملکت برائے امور نوجوانان ڈاکٹر سلطان بن سیف النیادی نے کہا کہ "نوجوانوں میں مالیاتی شعور اجاگر کرنا قومی حکمت عملی کا بنیادی جزو ہے۔ شرکاء کی مالیاتی علم اور صلاحیتوں میں اضافہ ان کی مالی خودمختاری اور مستحکم مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے ناگزیر ہے۔”
حالیہ تحقیقات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے 50 فیصد شہری اپنی آمدنی سے زیادہ خرچ کرتے ہیں جبکہ 60 فیصد سے زائد افراد قرضوں میں مبتلا ہیں، جن میں کریڈٹ کارڈز اور ذاتی قرضے نمایاں ہیں۔ نوجوان اماراتی، بالخصوص مرد حضرات ماہانہ تقریباً 2,000 درہم اور خواتین 1,656 درہم خرچ کرتی ہیں، جو کہ غیر ملکی مکینوں کے اخراجات سے کہیں زیادہ ہیں۔
یوتھ فنانشل ایڈوائزرز پروگرام کے ذریعے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سات بنیادی ماڈیولز تیار کیے گئے ہیں جن میں مالیاتی خواندگی کی بنیادیں، مانیٹری اکنامکس، کاروباری مالیات اور سرمایہ کاری کی حکمت عملیاں شامل ہیں۔ شرکاء چار ماہ کے دوران 30 سے زائد تعلیمی گھنٹوں پر مشتمل ورکشاپس، مالیاتی اداروں کے دورے اور جدید حل تلاش کرنے کے لیے ہیکاتھونز میں حصہ لیں گے۔
متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے گورنر خالد محمد بالعمہ نے کہا کہ "یہ پروگرام نوجوان اماراتی پیشہ ور افراد کی تربیت کے لیے ہماری مسلسل وابستگی کی عکاسی کرتا ہے تاکہ وہ علم پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھنے میں کردار ادا کر سکیں۔”
شرائط اور درخواست دینے کا طریقہ کار
درخواست دہندگان کے لیے درج ذیل شرائط لازم ہیں:
متحدہ عرب امارات کی شہریت
بزنس، فنانس، اکنامکس یا لاء میں یونیورسٹی ڈگری کے ساتھ کم از کم ایک سال کا متعلقہ تجربہ
جن کے پاس مخصوص ڈگری نہیں، ان کے لیے مالیاتی خدمات میں تین سال کا تجربہ لازم ہوگا
عربی اور انگریزی زبان میں مہارت اور مضبوط ابلاغی صلاحیتیں ضروری ہیں
پروگرام مکمل کرنے والے شرکاء کو تین اسناد دی جائیں گی:
وفاقی یوتھ اتھارٹی کا کورس مکمل کرنے کا سرٹیفکیٹ
سیکیورٹیز اینڈ کموڈٹیز اتھارٹی کی جانب سے فِن فلوئنسر کے طور پر رجسٹریشن
مرکزی بینک کی جانب سے مالیاتی خواندگی ٹرینر کا سرٹیفکیٹ
شرکاء بعد ازاں رضاکارانہ تربیتی سیشنز کے ذریعے مالیاتی شعور اجاگر کرنے کی مہم کا حصہ بنیں گے تاکہ قومی سطح پر تربیت یافتہ مالیاتی مشیروں کا نیٹ ورک تشکیل دیا جا سکے۔
درخواستیں وفاقی یوتھ اتھارٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے دی جا سکتی ہیں جہاں امیدواروں کا انتخاب تعلیمی قابلیت، تجربے اور کمیونٹی مالیاتی تعلیم سے وابستگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔







