متحدہ عرب امارات

متحدہ خلیجی ویزا: یو اے ای کے مسافروں کے لیے نیا ویزا موجودہ ای ویزا کے مقابلے میں کتنا سستا ہوگا؟

 

خلیج اردو

دبئی: جلد متعارف کرائے جانے والا متحدہ خلیجی ویزا (Unified GCC Visa) یو اے ای کے رہائشیوں کو ایک ہی اجازت نامے کے تحت متعدد خلیجی ممالک کے سفر کی سہولت فراہم کرے گا، جس سے سفری عمل نہ صرف آسان بلکہ کم خرچ بھی ہو جائے گا۔ تاہم سوال یہ ہے کہ اس کی فیس موجودہ ای ویزا کے مقابلے میں کتنی ہوگی؟

اہم سرکاری ذرائع کے مطابق اس ویزا کی فیس 90 سے 130 ڈالر (تقریباً 330 سے 480 درہم) کے درمیان ہوگی، جو اس کی مدت اور نوعیت پر منحصر ہوگی۔ مسافر ایک ملک کا سنگل انٹری ویزا یا کثیرالداخلہ “جی سی سی گرینڈ ٹور” ویزا حاصل کر سکیں گے، جو 30 سے 90 دن کے لیے مؤثر ہوگا۔

کثیرالداخلہ ویزا کی فیس قدرے زیادہ ہوگی، جیسا کہ موجودہ ملٹی انٹری ای ویزا کے نظام میں دیکھا جاتا ہے۔ فی الحال یو اے ای کے اقامہ یافتہ شہریوں کو ہر خلیجی ملک کے لیے علیحدہ ای ویزا حاصل کرنا پڑتا ہے، جس کے اپنے قواعد، فیس اور مدت ہوتی ہے۔

سعودی عرب
سعودی عرب نے جی سی سی اقامہ یافتہ افراد کے لیے ای ویزا سہولت کو نمایاں طور پر بڑھا دیا ہے۔ ایک سال کے لیے کثیرالداخلہ ویزا دستیاب ہے، جس میں ہر قیام کی مدت 90 دن تک ہو سکتی ہے۔ فیس تقریباً 535 سعودی ریال (525 درہم) ہے، جس میں لازمی سفری انشورنس بھی شامل ہے۔ یہ خطے کا نسبتاً مہنگا مگر طویل المدتی اور لچکدار ویزا آپشن ہے۔

کویت
کویت نے اگست 2025 سے جی سی سی ممالک کے اقامہ یافتہ شہریوں کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت متعارف کرائی ہے۔ یہ 30 دن کے لیے مؤثر ہوگا، بشرطیکہ اقامہ کم از کم چھ ماہ کے لیے درست ہو۔ اگرچہ حتمی فیس طے نہیں کی گئی، تاہم تخمینے کے مطابق یہ لاگت 250 سے 300 درہم کے درمیان ہوگی، خاص طور پر آن لائن سروس کے ذریعے حاصل کرنے کی صورت میں۔

عمان
عمان اب بھی خلیج کا سب سے سستا اور آسان ویزا فراہم کرنے والا ملک ہے۔ رائل عمان پولیس (ROP) کے پورٹل کے ذریعے دستیاب جی سی سی ریزیڈنٹ ای ویزا صرف 5 عمانی ریال (تقریباً 48 درہم) میں حاصل کیا جا سکتا ہے، جو 28 دن کے سنگل انٹری قیام کے لیے مؤثر ہے۔ سرحدی مقامات پر بھی ویزا آن آرائیول کی سہولت موجود ہے، جو اسے مختصر خلیجی تعطیلات کے لیے بہترین آپشن بناتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button