متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں بھارتی سیاح جلد صرف پاسپورٹ اور فون سے ادائیگیاں کر سکیں گے

خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات میں موجود بھارتی شہریوں اور سیاحوں کے لیے بڑی سہولت متوقع ہے، جہاں وہ جلد ہی صرف اپنے پاسپورٹ اور موبائل فون کی مدد سے ادائیگیاں کر سکیں گے، نقد رقم یا متعدد کارڈز ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

یہ انکشاف دبئی میں بھارت کے قونصل جنرل ستیش کمار سیوان نے یو پی آئی (یونائیٹڈ پیمنٹس انٹرفیس) کے دائرہ کار کو متحدہ عرب امارات تک وسعت دینے کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سرحد پار سفر اور ادائیگیوں کے تجربے کو آسان بنانے کی ایک بڑی کوشش کا حصہ ہے۔

ستیش کمار نے کہا، "ہر چیز کو آسان بنایا جائے گا”، اور بتایا کہ بھارت مستقبل میں شناختی اور مالیاتی ٹولز کو ڈیجیٹل طور پر یکجا کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے تاکہ بین الاقوامی لین دین کو مزید سہل بنایا جا سکے۔ تاہم انہوں نے اس منصوبے کے بارے میں کوئی حتمی ٹائم لائن یا تکنیکی تفصیلات فراہم نہیں کیں اور کہا کہ یہ عمل تاحال جاری ہے۔

یہ پیش رفت نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (NPCI) انٹرنیشنل کی جانب سے یو اے ای میں یو پی آئی کی قبولیت کو وسعت دینے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ لولو گروپ اور دبئی ڈیوٹی فری جیسے بڑے ریٹیلرز پہلے ہی اس سسٹم سے منسلک ہو چکے ہیں، جس سے بھارتی شہری اپنے بینک اکاؤنٹ سے براہِ راست ادائیگی کر سکتے ہیں۔

اگلے مرحلے میں یو اے ای کے مقامی پیمنٹ نیٹ ورک "آنی” (AANI) کے ساتھ گہری انضمام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل مالیاتی روابط کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button