متحدہ عرب امارات

شارجہ میں جاں بحق بھارتی خاتون کی میت آخری رسومات کے لیے کیرالہ منتقل

خلیج اردو
شارجہ: شارجہ میں ایک افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والی 31 سالہ بھارتی خاتون ویپنچکا منین کی میت ان کے آبائی شہر کنڈارا، کولم (کیرالہ) منتقل کر دی گئی ہے۔ بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق، منگل 22 جولائی کو دبئی سے میت بھارت روانہ کی گئی، جس کے بعد بدھ کے روز تھرواننتاپورم میڈیکل کالج میں پوسٹ مارٹم کے بعد آخری رسومات کے لیے ان کے آبائی علاقے روانہ کیا گیا۔

ویپنچکا کی والدہ دبئی پہنچیں تاکہ اپنی بیٹی کی آخری رسومات کے لیے میت کو لے جا سکیں، جبکہ ان کے بھائی، جو یو اے ای میں مقیم ہیں، بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دوسری جانب ویپنچکا کی ایک سال اور پانچ ماہ کی بیٹی کو دبئی کے سوناپور نیو قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ سوشل ورکرز کے مطابق، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ 10 جولائی کو پیش آیا تھا جب ماں اور بیٹی کی لاشیں شارجہ کے اپارٹمنٹ سے برآمد ہوئیں، جہاں ایک تحریری نوٹ بھی ملا تھا۔

سماجی کارکنوں کے مطابق، ویپنچکا کی شادی نیدیش ویلیویٹیل سے ہوئی تھی جو ایک کشیدہ ازدواجی رشتے میں بدل چکی تھی۔ ویپنچکا کے اہل خانہ نے بھارت میں نیدیش کے خلاف جہیز ہراسانی کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، دونوں میاں بیوی کافی عرصے سے علیحدہ رہ رہے تھے اور شوہر کی جانب سے قانونی نوٹس بھیجا گیا تھا۔

یہ دلخراش واقعہ ابھی کمیونٹی میں صدمے کا باعث بنا ہی تھا کہ اس کے ایک ہفتے بعد 19 جولائی کو ایک اور بھارتی خاتون آتھلیا شیکھر کی لاش شارجہ کے اپارٹمنٹ سے برآمد ہوئی۔ 30 سالہ آتھلیا نے اپنی سالگرہ اپنی بہن کے ساتھ منائی تھی اور جلد ہی نئی ملازمت شروع کرنے والی تھیں۔ آتھلیا کے اہل خانہ نے بھی ان کے شوہر کے خلاف خودکشی پر اُکسانے، جسمانی تشدد، جہیز کے مطالبے اور ظالمانہ سلوک کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کروایا ہے۔

ان المناک واقعات کے بعد ذہنی صحت کے ماہرین اور سماجی کارکنوں نے گھریلو تشدد کے جذباتی اثرات اور بروقت ذہنی صحت کی مدد کی ضرورت پر فوری آگاہی مہم چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button