متحدہ عرب امارات

ڈرائیور کی غفلت کا بھیانک انجام: ابوظبی میں کار الٹ گئی، پولیس کی ویڈیو جاری

خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی دارالحکومت میں ایک ڈرائیور کی غفلت خوفناک حادثے کا باعث بنی جس میں ایک گاڑی الٹ گئی۔ ابوظبی پولیس نے اس واقعے کی ویڈیو جاری کی ہے تاکہ لوگوں کو ڈرائیونگ کے دوران توجہ نہ دینے کے خطرات سے آگاہ کیا جا سکے۔

’حادثات سے پاک گرمیوں‘ کی مہم کے تحت جاری کردہ 33 سیکنڈز کی ویڈیو میں دو الگ الگ حادثات کو دکھایا گیا ہے جو ڈرائیور کی توجہ ہٹنے کے باعث پیش آئے۔

پہلے واقعے میں ایک سفید ایس یو وی تیز رفتاری سے لین میں جا رہی تھی مگر ڈرائیور کو سامنے کھڑی ہوئی گاڑیاں نظر نہ آئیں۔ آخری لمحے میں بچنے کی کوشش کی گئی لیکن ناکامی کی صورت میں گاڑی سامنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی۔

دوسرا حادثہ اس سے بھی زیادہ ہولناک تھا۔ ایک سیاہ رنگ کی ایس یو وی تیز رفتاری سے آ رہی تھی۔ ڈرائیور نے سامنے رکی ہوئی گاڑیاں دیکھ کر لین تبدیل کرنے کی کوشش کی، مگر ایک گاڑی سے ٹکرا کر دوسرے ایس یو وی سے بھی جا ٹکرائی۔ اس ٹکر کے نتیجے میں ایک گاڑی الٹ گئی جبکہ غفلت برتنے والی گاڑی سڑک کے کنارے سیکیورٹی ریلنگ سے جا ٹکرائی۔

پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنا، سوشل میڈیا براؤز کرنا، تصویریں لینا یا کالز کرنا سنگین حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔

حکام نے بتایا کہ ڈرائیونگ کے دوران توجہ ہٹانے والے ڈرائیورز کو 800 درہم جرمانہ اور 4 بلیک پوائنٹس دیے جائیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button