متحدہ عرب امارات

ابوظبی میں گاڑی الٹنے کا خوفناک حادثہ، پولیس نے ڈرائیورز کو اہم تنبیہ کردی

خلیج اردو

ابوظبی میں مصروف شاہراہ پر گاڑی کے خراب ہونے کے باعث متعدد گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی الٹ کر دوسری گاڑیوں پر جا گری۔

ابوظبی پولیس کی جانب سے جاری ویڈیو میں مختلف حادثات کی مناظر دکھائے گئے ہیں جن میں سڑک پر اچانک رکنے والی گاڑیوں کے باعث پیچھے آنے والی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

پولیس کے مطابق ایک حادثے میں ایک گاڑی دائیں لین میں آہستہ ہوئی جس کے باعث پیچھے آنے والی گاڑیوں نے رفتار کم کی تاہم ایک ڈرائیور بروقت صورتحال کو نہ بھانپ سکا اور آگے موجود گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے بعد متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

دوسرے حادثے میں ایک خراب گاڑی سڑک پر موجود تھی اور ڈرائیور نے اسے بروقت نہ دیکھا۔ گاڑی کے سوار باہر نکل آئے جبکہ ایک دروازہ بھی کھلا رہ گیا۔ اسی دوران تیز رفتار گاڑی نے کھڑی گاڑی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں گاڑی الٹ کر دو دیگر گاڑیوں پر جا گری۔

ابوظبی پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ٹائر پنکچر یا کسی اور ہنگامی صورتحال میں بھی کوشش کی جائے کہ گاڑی کو چلتی ٹریفک والی لین میں کھڑا نہ کیا جائے۔

پولیس کے مطابق اگر گاڑی چلنے کے قابل ہو تو اسے قریبی ایگزٹ یا کسی محفوظ مقام تک لے جانا چاہیے۔ اگر گاڑی کو ہٹانا ممکن نہ ہو تو فوری طور پر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے 999 پر رابطہ کیا جائے۔

حکام نے ڈرائیورز پر زور دیا ہے کہ دورانِ ڈرائیونگ مکمل توجہ سڑک پر رکھیں اور اچانک بدلتی ٹریفک صورتحال کے لیے تیار رہیں کیونکہ معمولی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

پولیس نے واضح کیا کہ سڑک کے درمیان گاڑی روکنا نہ صرف خود ڈرائیور بلکہ دیگر تمام سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتا ہے

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button