
خلیج اردو
شارجہ/راس الخیمہ/عجمان – 16 جولائی 2025
متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے لیے خوشی کی خبر، بدھ کے روز 16 جولائی کو موسم نے کروٹ لی اور ملک کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور بعض مقامات پر اولے بھی پڑے، جس سے شدید گرمی سے عارضی ریلیف ملا۔
یو اے ای کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (NCM) کے مطابق، راس الخیمہ کے وادی الخور اور وادی العجیلی میں شدید بارش کے ساتھ اولوں کی بارش بھی دیکھی گئی۔ منائی، وادی الطوی اور شوکہ میں بھی ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔
شارجہ کے وادی الہلو اور خورفکان روڈ (شیص کی سمت) میں دوپہر کے وقت ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ہوئی، جبکہ عجمان کے بعض حصوں میں بھی تیز بارش کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
بارش کے شوقین شہریوں نے سوشل میڈیا پر مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش اور اولوں کی ویڈیوز شیئر کیں، جن میں وادی العجیلی میں اولے جمع کرتے ہوئے مناظر بھی شامل ہیں۔ ایک اور ویڈیو میں پہاڑی علاقوں پر بارش کو برستا ہوا دکھایا گیا ہے۔
ویڈیوز میں مزرا اور مصفوت کی جانب ہٹہ روڈ پر بارش کے مناظر بھی دیکھے گئے، جس سے دیگر علاقوں میں بھی بارش کی امید پیدا ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی بدھ کے دن ملک بھر میں جزوی طور پر ابر آلود موسم اور سہ پہر کے وقت بارش کے امکانات ظاہر کیے تھے، جو درست ثابت ہوئے۔







