متحدہ عرب امارات

ابوظہبی حکومت کی ایپ کے ذریعے دنیا کے کسی بھی ملک سے شادی کا نیا آن لائن نظام متعارف

خلیج اردو
ابوظہبی: اب دنیا کے کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے جوڑے ابوظہبی حکومت کی "تم” (TAMM) ایپ کے ذریعے آن لائن شادی کر سکتے ہیں، چاہے وہ کبھی بھی امارت میں قدم نہ رکھیں۔ یہ اعلان منصوبے کے سربراہ محمد الاسکر نے دبئی میں جاری ٹیکنالوجی نمائش "جائٹکس” کے دوران خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں کیا۔

محمد الاسکر کے مطابق، "یہ سروس سب کے لیے کھلی ہے۔ جو بھی ابوظہبی میں شادی کرنا چاہتا ہے، خواہ اس کی کوئی بھی قومیت ہو، وہ آن لائن درخواست دے سکتا ہے۔ انہیں کسی دفتر یا سرکاری عمارت جانے کی ضرورت نہیں۔ پورا عمل ورچوئل طور پر مکمل کیا جا سکتا ہے، اور ہم ان چند ممالک میں شامل ہیں جنہوں نے ایسا نظام متعارف کرایا ہے۔”

اس سہولت کے تحت صرف 800 درہم (218 امریکی ڈالر) میں جوڑے آن لائن فارم جمع کر سکتے ہیں، مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کر سکتے ہیں، نکاح پڑھانے والے کو بُک کر سکتے ہیں اور صرف 24 گھنٹوں کے اندر ورچوئل شادی کی تقریب منعقد کر سکتے ہیں۔

یہ سہولت اماراتی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں کے ساتھ ساتھ غیر مقیم افراد کے لیے بھی دستیاب ہے، تاہم غیر مقیم افراد کو ملک میں ایک قانونی نمائندہ یا وکیل مقرر کرنا ہوگا۔

یو اے ای خلیجی خطے کا واحد ملک ہے جو غیر مذہبی شادیوں کی اجازت دیتا ہے، البتہ یہ حق صرف غیر ملکیوں کے لیے مخصوص ہے۔

واضح رہے کہ ابوظہبی حکومت کی "تم” ایپ کا نیا ورژن 1000 سے زائد سرکاری خدمات آن لائن فراہم کرتا ہے، اور اب شادی کی یہ نئی خصوصیت بھی اسی پلیٹ فارم میں شامل کر دی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button