
خلیج اردو
دبئی: جولائی 2025 میں متحدہ عرب امارات میں کئی اہم تبدیلیاں نافذ ہو رہی ہیں، جو سفر، روزگار، کاروبار اور صحت جیسے شعبوں پر اثر انداز ہوں گی۔ ویزا قوانین سے لے کر تمباکو نوشی چھوڑنے کے متبادل طریقوں تک، یہ تبدیلیاں روزمرہ زندگی پر براہِ راست اثر ڈالیں گی۔
آرمینیا کا ویزا فری سفر
یکم جولائی سے آرمینیا نے متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کے لیے ویزا فری انٹری کی اجازت دے دی ہے، بشرطیکہ ان کی ریزیڈنسی ویزا کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد ہو۔ پہلے صرف یو اے ای شہری ہی بغیر ویزا آرمینیا جا سکتے تھے۔ اب خلیجی ممالک کے تمام پاسپورٹ ہولڈرز اور ان کی رہائش رکھنے والے افراد 90 دن تک بغیر ویزا قیام کر سکیں گے۔
اماراتائزیشن کی ڈیڈلائن
وہ نجی کمپنیاں جن کے ملازمین کی تعداد 50 یا اس سے زیادہ ہے، انہیں 30 جون 2025 تک لازمی ہے کہ اپنے ہنر مند اسٹاف کا کم از کم 1 فیصد اماراتی شہریوں پر مشتمل رکھیں۔ وزارتِ انسانی وسائل و امارات کاری (MoHRE) اس حوالے سے مکمل جائزہ لے گی، اور سوشل سیکیورٹی فنڈ میں اندراج اور ادائیگیوں کی بھی تصدیق کرے گی۔
دبئی میں سرکاری ملازمین کے لیے فلیکسیبل اوقات کار
یکم جولائی سے دبئی کے سرکاری ملازمین "آور فلیکسیبل سمر” پالیسی کے تحت چار دن ہفتہ وار یا کم اوقات کار کے نظام پر منتقل ہو رہے ہیں۔ پہلا گروپ پیر سے جمعرات تک 8 گھنٹے کام کرے گا اور جمعہ کی مکمل چھٹی ہوگی، جبکہ دوسرا گروپ 7 گھنٹے (پیر تا جمعرات) اور جمعہ کو 4.5 گھنٹے کام کرے گا۔ یہ نظام 12 ستمبر 2025 تک جاری رہے گا۔
عجمان میں جمعہ کو ریموٹ ورک
عجمان نے بھی نئی سمر ورک پالیسی نافذ کی ہے، جس کے تحت یکم جولائی سے 22 اگست 2025 تک سرکاری ملازمین جمعے کو ریموٹ کام کریں گے اور پیر سے جمعرات تک روزانہ صرف 7:30 صبح سے 2:30 دوپہر تک دفاتر کھلے رہیں گے۔ ضروری خدمات کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے فلیکسیبل انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
تمباکو فری نکوٹین پاؤچز کی اجازت
یو اے ای میں 29 جولائی سے تمباکو سے پاک نکوٹین پاؤچز کی فروخت قانونی قرار دی جا رہی ہے۔ یہ پاؤچز سگریٹ چھوڑنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائے جا رہے ہیں، جن میں نکوٹین موجود ہوتی ہے لیکن تمباکو نہیں۔ نکوٹین دماغ میں ‘ڈوپامین’ خارج کرتی ہے جو خوشی کا احساس دیتی ہے اور سگریٹ کی خواہش کم کرنے میں مددگار ہوتی ہے۔
دبئی کا نیا صحت قانون
جولائی کے آخر میں دبئی میں ایک نیا قانون نافذ ہوگا، جس کا مقصد متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ اس کے تحت ایسے افراد کو سفر یا نقل و حرکت سے قبل دبئی ہیلتھ اتھارٹی (DHA) کی منظوری لینا ہوگی، اور انفیکشن چھپانے یا دانستہ/نادانستہ پھیلانے پر پابندی ہوگی۔
اسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیاں
متحدہ عرب امارات کے اسکول جولائی کے آغاز سے اگست کے آخر تک طویل موسم گرما کی چھٹیوں میں جا رہے ہیں۔ اس دوران والدین بچوں کو متحرک رکھنے کے لیے سمر کیمپس کا سہارا لیتے ہیں، جبکہ کئی خاندان بیرونِ ملک سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔
دوپہر کے وقت کام پر پابندی جاری
15 جون سے نافذ ہونے والی دوپہر 12:30 سے 3 بجے تک دھوپ میں کام کرنے پر پابندی، 15 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی۔ اس قانون کی خلاف ورزی پر فی ورکر 5,000 درہم جرمانہ، اور زیادہ سے زیادہ 50,000 درہم تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔






