
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ملک بھر کے سرکاری ہائی اسکولز میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے تین ممتاز طلبہ کو ذاتی طور پر سوشل میڈیا پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
شیخ محمد نے اپنے پیغام میں لکھا: "یہ بچے ہمارے فخر کا باعث ہیں، اس لیے ان کے نام لینا ضروری ہے۔”
یہ تین نمایاں طلبہ موزہ، مہند، اور مہرہ ہیں، جنہوں نے ایلیٹ، ایڈوانسڈ، اور جنرل اسٹریمز میں بالترتیب اعلیٰ نمبر حاصل کیے۔
مسلسل محنت کامیابی کی کنجی ہے
دبئی-حتا کی الظہرہ اسکول سے گریجویٹ ہونے والی موزہ سیف عبداللہ محمد المہریزی، ایلیٹ اسٹریم کی ٹاپ اسکورر رہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا راز تعلیمی سال کے آغاز سے ہی منظم مطالعے اور وقت کی پابندی کو قرار دیا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ طلبہ روزانہ اسکول کے بعد اسباق کا جائزہ لیں اور کاموں کو آخری لمحے تک نہ ٹالیں۔
البیان اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے موزہ نے بتایا کہ ان کے والدین کی رہنمائی اور جذباتی تعاون ان کی کامیابی کی بڑی وجہ تھے۔ انہوں نے کہا: "میرے والدین کا مجھ پر اعتماد، ان کی مستقل توجہ، اور دباؤ کے لمحوں میں ان کا ساتھ میرے ہر کامیاب قدم کی بنیاد ہے۔”
مستقبل میں وہ مصنوعی ذہانت کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں، تاکہ متحدہ عرب امارات کے ڈیجیٹل مستقبل میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی اب صرف ایک تکنیکی اختیار نہیں بلکہ ترقی اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کی ناگزیر ضرورت ہے۔
مستقبل کے معالج: مہند ہانی نبوی محمد
ایڈوانسڈ اسٹریم میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے مہند ہانی نبوی محمد، اب طب کی تعلیم کے لیے تیار ہیں۔ ابوظہبی کے الفلاح اسکول سے فارغ التحصیل ہونے والے اس مصری طالبعلم نے کہا کہ خاص طور پر آخری سال میں ان کے والدین کی حمایت نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
انہوں نے یو اے ای کی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اماراتی اور رہائشی طلبہ کو تعلیم کے لیے ایک جدید اور حوصلہ افزا ماحول فراہم کیا۔
مہند نے بتایا کہ انہوں نے مسلسل مطالعہ اور وقت کی منصوبہ بندی کو ترجیح دی، اور یہی ان کی کامیابی کا راز ہے۔
چیلنجز بھرے سال میں کامیابی: مہرہ عبداللہ محمد الحمر العلی
راس الخیمہ کے الضیت سیکنڈری اسکول فار گرلز سے فارغ التحصیل مہرہ عبداللہ نے جنرل اسٹریم میں سب سے زیادہ نمبر لے کر بچپن کا خواب پورا کیا۔
انہوں نے کہا: "الحمدللہ، مجھے بے حد خوشی اور فخر ہے کہ میری محنت رنگ لائی۔ امتحانات مشکل تھے، لیکن میں نے ان پر قابو پایا اور اپنے خواب کو حقیقت میں بدلا۔”
مہرہ اپنی چار بہن بھائیوں میں چوتھی ہیں، اور خاندان میں پہلی طالبہ ہیں جنہوں نے قومی سطح پر ٹاپ کیا۔ انہوں نے ماحولیات (Ecology) میں تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، اور اپنے اساتذہ و اسکول کا مسلسل ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا: "میں مستقبل میں مزید کامیابیوں کی منتظر ہوں۔”






