
خلیج اردو
کتے کا کھیلنا اور خوشی سے اچھل کود کرنا عام طور پر ایک دل موہ لینے والا منظر ہوتا ہے، مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی کتا اپنے کھلونے سے حد سے زیادہ وابستہ ہو جائے تو یہ معمولی بات نہیں بلکہ ایک نفسیاتی مسئلہ بھی بن سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق بعض اوقات کتے اپنے پسندیدہ کھلونوں کے ساتھ اس حد تک مشغول ہو جاتے ہیں کہ وہ کھانا پینا بھول جاتے ہیں۔ ماہرین نے اس رویے کو انسانی عادتوں جیسے جوا کھیلنے یا مسلسل آن لائن گیمز کھیلنے جیسی "رویہ جاتی لت” (behavioral addiction) سے تشبیہ دی ہے۔
یہ تحقیق سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے سائنس دانوں کی ایک مشترکہ ٹیم نے کی، جس کے نتائج سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہوئے۔ ماہرین کے مطابق بعض کتے تھکن یا چوٹ کے باوجود بھی کھیلنا نہیں چھوڑتے، جو ان کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
اس تحقیق کی سربراہی یونیورسٹی آف ویٹرنری میڈیسن ویانا کی اسٹیفنی ریمر نے کی۔ ٹیم نے 1 سے 10 سال کی عمر کے 105 کتوں کا مشاہدہ کیا جنہیں ان کے مالکان نے غیر معمولی طور پر پلے فل (playful) قرار دیا تھا۔ ان میں سب سے زیادہ بیلجین مالینوس (18)، اس کے بعد بارڈر کولی (9) اور لیبراڈور (9) شامل تھے—یہ وہ نسلیں ہیں جو عام طور پر زیادہ توانائی رکھنے کے باعث کام کرنے والے کتوں کے طور پر جانی جاتی ہیں۔







