خلیج اردو
فلپائن : فلپائن میں کشتی میں آگ بھڑک اٹھی ،واقعے کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک جبکہ 230 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے ۔
برطانوی میڈیا کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ رات دیر گئے کشتی کے ائیر کنڈیشن کیبن سے آگ لگی تھی تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آگ لگنے کا واقعہ کیوں اور کیسے پیش آیا، واقعے سے ہلاک ہونے والوں میں تین چھوٹے بچے بھی شامل ہیں جو اپنے والدین سے بچھڑ گئے تھے۔
اس سے قبل حکام کا کہنا تھا کہ لاپتا افراد کی درست تعداد کا تعین نہیں ہو سکا ہے کیونکہ کشتی پر سوار مسافروں کے حتمی تعداد معلوم نہیں تاہم لسٹ کے مطابق کشتی پر 205 افراد سوار تھے۔
گورنر کے مطابق کشتی میں آگ لگنے کی وجہ سے خوف پھیل گیا اور زیادہ تر افراد نے جان بچانے کیلئے پانی میں چھلانگ لگائی جنہیں کوسٹ گارڈز نے ریسکیو کیا۔
انہوں نے کہا کہ’ ایم وی لیڈی میری جوئے‘ نامی کشتی سے زیادہ تر افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے تاہم اہلکار احتیاطی تدابیر کے تحت مزید سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کشتی صوبہ سولو سے جولو ٹاؤن کی جانب روانہ ہوئی تھی جہاں باسلن جزیرے کے قریب اس میں آگ بھڑک اٹھی۔