
خلیج اردو
نیویارک: حالیہ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ایئر انڈیا کے طیارے کی تباہی کی مبینہ طور پر ذمہ داری کپتان پر عائد ہوتی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق کاک پٹ وائس ریکارڈر سے حاصل ہونے والی گفتگو سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کپتان سُومیت صبروال نے دورانِ پرواز وہ اہم سوئچز بند کر دیے جن کے ذریعے طیارے کے دونوں انجنوں کو ایندھن کی فراہمی جاری رہتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جیسے ہی طیارہ فضا میں بلند ہوا، فرسٹ آفیسر کلائیو کندر نے حیرانی کے ساتھ کپتان سے پوچھا کہ کیا اس نے واقعی فیول سپلائی سوئچز کو کٹ آف پوزیشن پر کر دیا ہے۔ فرسٹ آفیسر نہ صرف حیران بلکہ بعد ازاں شدید خوف زدہ بھی ہو گیا، جبکہ کیپٹن صبروال نے اس پورے واقعے کے دوران غیر معمولی سکون کا مظاہرہ کیا اور کوئی فوری ردعمل نہیں دیا۔
تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ انجن بند ہونے کی وجہ ایندھن کی سپلائی معطل ہونا تھی، جس کا براہ راست تعلق ان سوئچز سے ہے۔
واضح رہے کہ اس حادثے میں 260 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل رپورٹ جلد جاری کی جائے گی، جس میں مزید حقائق شامل ہوں گے۔







