
خلیج اردو
بارسلونا: اسپین کے مشہور فٹبال کلب ایف سی بارسلونا نے نوجوان اسٹار لامین یامال کو ٹیم کی لیجنڈری نمبر 10 کی شرٹ الاٹ کر دی ہے، جو ماضی میں لیونل میسی، رونالڈینیو اور ڈیوگو میراڈونا جیسے عظیم کھلاڑیوں کا انتخاب رہی ہے۔
لامین یامال، جو حالیہ یورپی چیمپئن شپ میں اسپین کی جانب سے شاندار کارکردگی کے بعد عالمی شہرت حاصل کر چکے ہیں، اپنی والدہ کے ہمراہ شرٹ وصول کرنے کلب پہنچے۔
بارسلونا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 16 سالہ یامال آئندہ سیزن کے دوران 10 نمبر شرٹ پہن کر میدان میں اتریں گے۔ فٹبال حلقوں میں اس فیصلے کو کلب کی جانب سے نوجوان کھلاڑی پر اعتماد اور مستقبل کے لیڈر کے طور پر تیاری کا عندیہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ بارسلونا کی 10 نمبر کی شرٹ کو دنیا کی سب سے باوقار فٹبال شرٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس شرٹ کو پہننے والے کھلاڑیوں میں دنیا کے بڑے نام شامل ہیں، جن میں سب سے نمایاں لیونل میسی ہیں، جنہوں نے اس نمبر کے ساتھ کلب کو کئی بار یورپی چیمپئن اور لیگ فاتح بنایا۔






