خلیج اردو: امریکی ریاست تنیسے میں ایک گرجا گھر سے منسلک ایک تعلیمی ادارے پر مسلح حملے میں 3 بچوں سمیت 6 افراد لقمہ اجل بن گئے، پولیس نے حملہ آور کو گولی مارتے ہوئے ہلاک کردیا ۔
میٹرو نیش وِلے محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور، جس کے پاس 2 لمبی بیرل بندوقیں اور ایک پستول تھا، آڈرے الزبتھ ہیل نامی 28 سالہ خاتون تھی اور یہ اسی اسکول سے فارغ التحصیل تھی ۔
حملے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے کانگریس سے اپیل کی ہے کہ وہ اسلحے کے سخت ضابطے نافذ کرنے والے قوانین کی منظوری کے لیے کارروائی کرے ۔
بائیڈن نے ہدایت کی ہے کہ وائٹ ہاؤس سمیت تمام عوامی عمارتوں، عسکری چھاونیوں، بحری بیڑے کے جہازوں سمیت ملک بھر میں 31 مارچ غروب آفتاب تک پرچموں کو سرنگوں کیا جائے ۔
اس حکم نامے کے مطابق، اسی تاریخ تک تمام امریکی سفارت خانوں، قونصلر دفاتر، فوجی اڈوں اور بحریہ کے سٹیشنوں سمیت بیرون ملک امریکی دفاتر میں پرچموں کو سر نگوں رکھا جائے گا ۔