
خلیج اردو
سڈنی: آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے دوران 130 سے زائد بچوں کی شہادت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں عثمان خواجہ نے کہا کہ ایک ہی دن میں 130 سے زائد معصوم بچوں کو شہید کر دیا گیا، بغیر کسی وجہ کے جنگ بندی کو توڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سوچیں اگر یہی کچھ مخالف جانب سے ہوا ہوتا تو غم و غصے کا عالم کیا ہوتا۔
عثمان خواجہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام انسانی زندگیاں برابر نہیں سمجھی جاتیں، یہ معصوم بچے تاریخ میں صرف نمبرز بن کر رہ جائیں گے۔
واضح رہے کہ عثمان خواجہ اس سے قبل بھی فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کر چکے ہیں اور عالمی برادری سے فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔







