
خلیج اردو
ڈھاکا: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کارگو ایریا میں ہفتہ کی دوپہر اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق آگ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے گیٹ نمبر 8 کے قریب لگی۔ آگ پر قابو پانے کے لیے 36 فائر فائٹنگ یونٹس کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔
ایئرپورٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد مسعود الحسن مسعود نے تصدیق کی کہ ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق “تمام طیارے محفوظ ہیں، صورتحال سے متعلق مزید تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔”
بِی مان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے ترجمان کوثر محمود نے بتایا کہ آگ تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر لگی جس کے بعد ایئرپورٹ فائر بریگیڈ، بنگلہ دیش ائیر فورس اور دیگر اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی طور پر 28 یونٹس کام کر رہے تھے جبکہ مزید امدادی ٹیموں کو طلب کر لیا گیا ہے۔







