عالمی خبریں

اسرائیل کی غزہ میں دہشت گردی جاری، مزید 111 فلسطینی شہید، امدادی خیموں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا

خلیج اردو
غزہ – 3 جولائی 2025ء
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر جاری وحشیانہ حملوں میں مزید شدت آ گئی ہے، تازہ بمباری اور فائرنگ کے واقعات میں مزید 111 فلسطینی شہید جبکہ 200 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق اسرائیلی فورسز نے امداد کے انتظار میں کھڑے شہریوں کو براہِ راست نشانہ بنایا، خوراک کے حصول کے لیے جمع 24 نہتے فلسطینیوں کو گولیاں مار دی گئیں۔ خیموں میں مقیم بے گھر افراد پر بھی بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد خاندان صفحۂ ہستی سے مٹ گئے۔

غزہ کے رہائشی علاقے میں ایک فضائی حملے میں انڈونیشین اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حبیب مروان شہید ہو گئے، جو زخمیوں کے علاج کے دوران جان سے گئے۔

ادھر شمالی غزہ میں ہونے والی جھڑپ کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ کمانڈر سمیت دو صیہونی فوجی زخمی ہو گئے۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی افواج نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے بیت لحم گورنری میں 100 گھروں کو مسمار کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، جبکہ مختلف علاقوں سے 14 فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے جاری جنگ کے دوران شہدا کی تعداد 57,012 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1,34,562 ہو گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button