
خلیج اردو
پہلگام: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج اور انٹیلیجنس ایجنسیاں ایک مذموم منصوبے کے تحت غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے معصوم پاکستانیوں کو جعلی انکاؤنٹرز میں مارنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق بھارتی ایجنسیاں ان پاکستانی شہریوں کو، جو مختلف بھارتی جیلوں اور ایجنسیوں کی غیر قانونی حراست میں ہیں، مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں لے جا کر جعلی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
منصوبے کے تحت ان افراد کو ماورائے عدالت قتل کے بعد دہشتگرد ظاہر کیا جائے گا، اور بھارتی میڈیا کو پہلے سے تیار شدہ لاشوں، ہتھیاروں اور ویڈیوز کی فراہمی کے ذریعے ان جھوٹے انکاؤنٹرز کو سچ ثابت کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ بھارتی میڈیا روایتی طور پر انہیں پاکستان سے آئے دہشتگرد قرار دے گا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس منصوبے کا اصل مقصد حالیہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی کے بعد پاکستان کے خلاف ایک اور جعلی بیانیہ کھڑا کرنا ہے۔ اس کے تحت نہ صرف ان افراد کو ہلاک کیا جائے گا بلکہ بعض کو زندہ رکھ کر میڈیا پر پاکستان مخالف بیانات اور جعلی اعترافی ویڈیوز بھی نشر کروائی جائیں گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر 29 اور 30 اپریل کو ہونے والی اپنی پریس کانفرنسز میں ایسے 723 پاکستانیوں کی تفصیلات فراہم کر چکے ہیں، جو بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید ہیں۔ اس کے علاوہ 56 مزید پاکستانی شہریوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں، جو جبراً بھارتی انٹیلیجنس ایجنسیوں کی حراست میں ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ یہ افراد بھارت کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز مقاصد کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ ماضی میں بھی 24 اپریل کو آزاد کشمیر کے شہری محمد فاروق اور محمد دین کو بھارتی فوج نے محض سرحد عبور کرنے پر ظالمانہ طور پر جعلی انکاؤنٹر میں شہید کر دیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں پہلے ہی فیک انکاؤنٹرز کی شہرت رکھتی ہے، اور پہلگام واقعے کی ناکامی نے اسے مزید بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے۔







