
خلیج اردو
تہران:ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک ویڈیو پیغام میں اسرائیل کے خلاف حالیہ کامیاب حملوں کو "صیہونی باطل حکومت پر فتح” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی لغت میں "سرینڈر” کا کوئی تصور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ جنگ میں مداخلت نہ کرتا تو اسرائیل مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہوتا۔
سپریم لیڈر نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی ممکنہ حملے کا جواب امریکی فوجی اڈوں کو بار بار نشانہ بنا کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے امریکہ کے منہ پر "زوردار طمانچہ رسید کیا ہے” اور آئندہ بھی اگر کسی نے ایران کے خلاف جارحیت کی، تو اسے "قیمت چکانی پڑے گی”۔
آیت اللہ خامنہ ای نے دعویٰ کیا کہ ایران نے اسرائیل کو اس کے "تمام دعوؤں کے ساتھ کچل کر رکھ دیا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی میزائل حملوں میں صیہونی ریاست کا دفاعی نظام ناکام ہوا، اور ایران نے نہ صرف صہیونی فوجی ٹھکانوں بلکہ شہری علاقوں کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ امریکہ صرف اسرائیل کو بچانے کی خاطر جنگ میں کودا، لیکن اب ایران اتنی صلاحیت رکھتا ہے کہ وہ امریکہ کے بڑے فوجی اڈوں تک پہنچ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ایران نے اس بار ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، اور دشمن کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ جارحیت کا انجام ہمیشہ بربادی ہی ہوگا۔







