سپورٹسعالمی خبریں

جوز بٹلر کا کپتانی سے استعفیٰ، جنوبی افریقہ کے خلاف آخری میچ بطور کپتان کھیلیں گے

خلیج اردو
لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم ان کی قیادت میں اچھا کھیل پیش نہیں کر سکی اور مایوس کن نتائج کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وہ قیادت چھوڑ رہے ہیں۔

بٹلر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ذاتی کرکٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں اور بطور کپتان جنوبی افریقہ کے خلاف میچ ان کا آخری میچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ "کپتانی میرے لیے اعزاز تھا، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ میں ٹیم کو نئے لیڈر کے حوالے کروں۔”

چیمپئنز ٹرافی 2025 میں انگلینڈ ٹیم کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی، جہاں اسے آسٹریلیا اور افغانستان کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی، جس کے بعد بٹلر پر شدید دباؤ تھا۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ  نے بٹلر کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے کہا کہ نئے کپتان کے انتخاب کا فیصلہ جلد کیا جائے گا۔

بٹلر کے مستعفی ہونے کے بعد بین اسٹوکس اور جونی بیئرسٹو کو ممکنہ متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم انگلینڈ کرکٹ بورڈ جلد نئے کپتان کے حوالے سے باضابطہ اعلان کرے گا۔

جوز بٹلر نے 2022 میں ایون مورگن کے بعد کپتانی سنبھالی تھی اور ان کی قیادت میں انگلینڈ نے 2022 کا ٹی20 ورلڈکپ جیتا تھا۔ تاہم، حالیہ ناکامیوں کے باعث ان کی کپتانی پر سوالات اٹھ رہے تھے، جس کے بعد انہوں نے قیادت چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button