خلیج اردو
پیرس :فرانس کے دارالحکومت پپیرس میں واقع گار ڈو نورڈ اسٹیشن پر چاقو بردار حملہ آور نے 6 افراد کو زخمی کر دیا، پولیس نے ملزم کو گولی مار کر قابو کیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق گار ڈو نورڈ مصروف ٹرین اسٹیشن ہے، یہاں سے شمالی فرانس، لندن اور شمالی یورپ جانے والی ٹرینیں بھی روانہ ہوتی ہیں۔
فرانس کے وزیر داخلہ نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صبح پونے 7 بجے ملزم نے چاقو سے پولیس افسر سمیت کئی افراد پر حملہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔
حکام کے مطابق متعدد مسافر اور ایک بارڈر پولیس افسر زخمیوں میں شامل ہیں۔
فرانسیسی وزیر داخلہ نے کہا کہ حملہ آور نے پولیس افسر کے سینے میں چاقو گھونپا لیکن وہ بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے بچ گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایک متاثرہ شہری کو کندھے پر شدید زخم آئے جسے ہنگامی طبی امداد کیلئے لے جایا گیا۔
ٹرین آپریٹر ایس این سی ایف کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسٹیشن پر واقعے کی وجہ سے ٹرینیں تاخیر کا شکار تھیں کیونکہ پولیس نے اسٹیشن کو گھیرے میں لیا گیا لیکن کوئی سروس منسوخ نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ گار ڈو نورڈ اسٹیشن دنیا کے مصروف ترین اسٹیشن میں سے ایک ہے جہاں روزانہ 7 لاکھ افراد سفر کرتے ہیں، یہاں سے شمالی فرانس، لندن اور شمالی یورپ جانے والی ٹرینیں بھی چلائی جاتی ہیں۔
فرانس میں 2015 سے شدت پسندوں اور دیگر افراد کے حملوں کے بعد سے سخت سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔