
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بین الاقوامی پروازوں میں تاخیر، منسوخی اور اضافی اخراجات نے ایوی ایشن نظام کو متاثر کر دیا ہے۔ بھارتی نائب صدر کا طیارہ بھی تاخیر کا شکار ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹورنٹو، نیویارک، لندن، ڈنمارک اور دمام سے دہلی آنے والی پروازوں کو دو گھنٹے اضافی وقت لگا، جبکہ برمنگھم، سان فرانسسکو، فرینکفرٹ اور پیرس سے آنے والی پروازیں دو گھنٹے فضاء میں انتظار کرتی رہیں۔ پیرس اور لندن سے دہلی جانے والی پروازوں کو ابوظہبی میں ری فیولنگ کے لیے اتارا گیا، جس کے بعد وہ نئی دہلی پہنچ سکیں۔
الماتے اور تاشقند کے لیے دو بھارتی پروازیں منسوخ کردی گئیں، جبکہ دبئی سے امرتسر جانے والی پرواز ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ ایئر انڈیا کو دہلی اور ممبئی سے نیویارک، لندن اور استنبول جانے والی پروازوں کو متبادل راستوں سے گزارنا پڑا۔ کئی پروازوں کو ویانا سمیت دیگر ممالک میں ایندھن بھرنے کے لیے لینڈ کرایا گیا۔
مسلسل تاخیر اور مشکلات کے باعث بھارتی مسافر مڈل ایسٹ اور دیگر ملکوں کی ایئرلائنز کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ پروازوں کے وقت میں دو سے چار گھنٹے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں کرائے بھی بڑھ گئے ہیں۔