خلیج اردو: بھارت کے سینیئر سیاست دان اور ریاست بہارکے سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادیو گھر میں سیڑھیوں سے گرکر زخمی ہوگئے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز ریاست بہار کے شہر پٹنا میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) پارٹی کے سربراہ لالو پرساد یادیو اپنی اہلیہ رابری دیوی کی رہائش گاہ پر پاؤں پھسلنے کی وجہ سے سیڑھیوں سے گرگئے جس کی وجہ سے ان کے دائیں کندھے میں فریکچر ہوا جبکہ کمر پر بھی چوٹ آئی۔
اطلاعات کے مطابق سیڑھیوں سے گرنے کی وجہ سے لالو پرساد کو فوراً اسپتال منتقل کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال پہچنے پر لالو پرساد کا معائنہ کیا گیا جس میں ان کے کندھے میں فریکچر ظاہر ہوا تاہم متاثرہ جگہ کے گرد ایک پٹی باندھ دی گئی اور سابق وزیر اعلیٰ کو دوائیوں کے ہمراہ گھر واپس بھیجنے کی ہدایت کردی گئی۔
لالو پرساد کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں جبکہ گردوں کے مسائل کے علاج کے لیے وہ بیرون ملک جانے کا منصوبہ بھی بنا رہے ہیں۔