خلیج اردو: مصر میں بحیرہ احمر کے کنارے تیراکی کے دوران شارک کے حملے میں 2 خواتین سیاح ہلاک ہوگئیں ۔
آسٹرین نیوز ایجنسی کے مطابق مصر کے جنوب میں واقع ساحلی شہر حرغادہ میں 68 برس کی آسٹرین خاتون پر شارک نے حملہ کردیا، حملے میں خاتون کا بازو ضائع ہوگیا، انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ انتقال کر گئیں۔
پہلے واقعے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد رومانیہ کی شہری بھی شارک کے حملے سے ہی ہلاک ہوگئیں، تاہم انکی شناخت نہیں ظاہر کی گئی ۔ رومانیہ کی وزارت خارجہ نے بھی اپنی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
شارک کے دونوں حملے چھ سو میٹر کے فاصلے پر ہوئے۔ جس کے بعد اس علاقے میں تمام سیاحتی سرگرمیوں کو معطل کر دیا۔ مصری حکام نے ان دونوں واقعات کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
2015 اور 2018 میں بھی بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں شارک کے حملوں سے جرمن اور چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والے سیاح ہلاک ہوئے تھے۔
مصر کی سیاحت کا سب سے زیادہ انحصار بحیرہ احمر پر ہے ۔ کووڈ وبا کے باعث پابندیوں کو ہٹائے جانے کے بعد مصری حکومت ملک میں ایک بار پھر سیاحت کو فروغ دینے کے لئے بھرپور دلچسپی لے رہی ہے۔