عالمی خبریں

مہنگائی بڑھنے کا خدشہ، سٹیٹ بینک نے شرح سود 10 اعشاریہ 5 فیصد پر برقرار رکھتے ہوئے تین ماہ کیلئے نئی زری پالیسی کا اعلان کر دیا

خلیج اردو
ملک میں مہنگائی کے دباؤ کے خدشے کے پیش نظر سٹیٹ بینک نے شرح سود میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ تین ماہ کے لیے نئی زری پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔

گورنر سٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کمیٹی سے مشاورت کے بعد شرح سود کو 10 اعشاریہ 5 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔

سٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق جنوری کے بعد معاشی اعداد و شمار کا بہاؤ مجموعی طور پر اندازوں کے مطابق رہا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ فروری 2026 میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 7 اعشاریہ 6 فیصد ہو گئی جبکہ مالی سال کے بقیہ مہینوں میں مہنگائی سات فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق موجودہ مالی سال کے دوران مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو تقریباً 4 اعشاریہ 75 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 16 اعشاریہ 3 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جبکہ جنوری کے مہینے میں جاری کھاتے کا توازن سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق مہنگائی کے ممکنہ دباؤ اور عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث مرکزی بینک نے شرح سود کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کو مناسب سمجھا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button