عالمی خبریں

برطانیہ اور ہانگ کانگ میں طوفانی بارشوں نے نظام زندگی مفلوج کر دیا، نظام زندگی درہم برہم، لاکھوں افراد متاثر

خلیج اردو
لندن/ہانگ کانگ: سمندری طوفان فلورس کے باعث برطانیہ میں نظام زندگی مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ یارکشائر کے تفریحی مقامات بند کر دیے گئے ہیں جبکہ خراب موسم کے سبب متعدد پروازیں اور ٹرینیں منسوخ ہو گئی ہیں، کئی تقریبات بھی ملتوی کر دی گئی ہیں۔

برطانیہ کے مختلف علاقوں میں 10 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی معطل ہو گئی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مواصلاتی نظام متاثر ہونے سے لوگوں کی آمد و رفت بھی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

دوسری جانب ہانگ کانگ میں طوفانی بارشوں نے 141 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ ہر گھنٹے میں 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو 1884 کے بعد اگست میں ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔ سڑکیں اور سیڑھیاں آبشاروں کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ ایک ہی دن میں چار مرتبہ بلیک رین سٹورم کا الرٹ جاری کیا گیا۔

شہر میں ایک گھنٹے کے دوران دس ہزار مرتبہ بجلی گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جس نے معمولات زندگی مفلوج کر کے رکھ دیے۔ ہانگ کانگ کے تعلیمی ادارے، کلینکس، عدالتیں اور دفاتر عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے اور ریسکیو ادارے ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button