
خلیج اردو
واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے "سکستھ جنریشن جنگی طیارے” کی تیاری کا اعلان کیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق، وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اس طیارے کا نام "ایف-47” ہوگا۔ کچھ غیر ملکی ذرائع کے مطابق، اس نام کا انتخاب ٹرمپ کے 47ویں امریکی صدر ہونے کی وجہ سے بھی کیا جا سکتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایف-47 ایک ایسا طیارہ ہوگا جس کی خصوصیات اور صلاحیتیں بے مثال ہوں گی اور دنیا نے ایسا طیارہ پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طیارے کی رفتار، گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت اور دیگر خصوصیات کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں ہوگا۔
ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ اس طیارے کی تیاری کا معاہدہ امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کو دیا گیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ یہ طیارہ امریکہ کے فضائی غلبے کو قائم رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس جنگی طیارے کے ذریعے امریکہ اپنے اتحادیوں کو یہ پیغام دے گا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے اور امریکہ آنے والی نسلوں تک دنیا بھر میں طاقت کا مظاہرہ کرنے کے قابل ہے۔
ٹرمپ نے اس طیارے کی صرف ایک جھلک میڈیا کے سامنے پیش کی۔