خلیج اردو
ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر غزہ بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے بعد چارٹر مکمل طور پر نافذ العمل ہو گیا۔
پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کیے۔ دستخطوں کی تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سرگوشیاں اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ تقریب کا خاص لمحہ رہا۔ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے دستخط کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔
غزہ بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کرنے والے ممالک میں قطر، سعودی عرب، ترکیہ، ارجنٹائن، آرمینیا، آذربائیجان، بلغاریہ، ہنگری، انڈونیشیا، قازقستان، پاکستان اور کوسووو شامل ہیں، جبکہ پیراگوئے، ازبکستان اور منگولیا نے بھی غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کے چارٹر پر دستخط کر دیے۔
ادھر ناروے نے غزہ بورڈ آف پیس کی رکنیت مسترد کر کے صدر ٹرمپ کو بڑا سفارتی جھٹکا دیا، جبکہ فرانس اور سویڈن بھی غزہ امن بورڈ کا حصہ نہیں بنے۔
ڈیووس میں دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے کوشاں ہیں، غزہ میں جنگ ختم ہونے والی ہے، اور غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر تمام ممالک کے مشکور ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ حماس کو ہتھیار ڈالنے ہوں گے، بورڈ آف پیس پر اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دس ماہ میں آٹھ جنگیں رکوا کر کروڑوں جانیں بچائیں، اور ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے کا ذکر کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ حماس کو لازمی طور پر غیر مسلح ہونا ہوگا، بصورت دیگر حماس کو ختم کر دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے خطاب میں کہا کہ ایران پر حملہ کر کے جوہری تنصیبات کا خاتمہ کیا گیا، ایران بات کرنا چاہتا ہے اور ہم بھی بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ ایک سال قبل مشرق وسطیٰ میں امن کا تصور کرنا مشکل تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وینزویلا کی پرانی قیادت کو باہر نکالا گیا، اور نئی قیادت کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہیں۔
عالمی اقتصادی فورم میں پاکستان کی قیادت کا بھرپور اور فعال کردار سامنے آیا، پاکستان کے مؤقف اور قیادت کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔
ڈیووس فورم میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مختلف عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی اور خوشگوار ملاقاتیں ہوئیں، جن میں گرمجوشی اور مسکراہٹوں کا تبادلہ نمایاں رہا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آذربائیجان کے صدر، امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اور سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمی اقتصادی فورم میں خصوصی خطاب میں بھی شرکت کی۔







