خلیج اردو
واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ چین کے ساتھ ایک "بہت اچھا” تجارتی معاہدہ طے پا جائے گا، تاہم انہوں نے نہ تو مذاکرات کے آغاز کی کوئی تفصیل فراہم کی اور نہ ہی یہ واضح کیا کہ موجودہ تعطل کیسے ختم ہوگا۔
وائٹ ہاؤس میں ایک صحافی کے سوال پر، کہ آیا وہ چینی صدر شی جن پنگ کو فون کریں گے، ٹرمپ نے کہا: "اوہ، ہم ایک معاہدہ کریں گے۔ میرا خیال ہے ہم چین کے ساتھ ایک بہت اچھا معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔”
اسی روز، چین کی وزارت تجارت نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت پر "انتہائی دباؤ” ڈالنا بند کرے اور کسی بھی تجارتی بات چیت میں احترام کو یقینی بنائے۔ تاہم دونوں فریق اس بنیادی سوال پر رکے ہوئے ہیں کہ مذاکرات کا آغاز کون کرے گا۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے حالیہ ہفتوں میں کئی ممالک پر لگائی گئی بھاری درآمدی ڈیوٹی کو عارضی طور پر نرم کیا ہے، مگر چین کے لیے عائد کردہ نئے ٹیکس بدستور برقرار ہیں، جن کا مجموعی اثر 145 فیصد تک پہنچتا ہے۔






