عالمی خبریں

نفرت انگیز مواد شیئر کرنے اور اشتعال انگیزی پھیلانے کی باداش میں ٹرمپ کا اکاونٹ معطل

خلیج اردو
09 جنوری 2021
واشنگٹن : سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹویٹر نے بتایا ہے کہ امن عامہ کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کا اکاؤنٹ مستقل طور پر معطل کیا گیا ہے۔ ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق فیصلہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی جانے والی حالیہ ٹوئٹس کے سیاق و سباق کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔

ٹوئٹر نے اس سے قبل صدر ٹرمپ کا اکاؤنٹ 12گھنٹوں کیلئے لاک کیا تھا۔ بدھ کو صدر ٹرمپ کی جانب سے متعدد ٹوئٹس کی گئی تھیں جس میں انھوں نے کیپیٹل ہل پر حملہ کرنے والے لوگوں کو محبِ وطن کہہ کر پکارا تھا۔

فیس بک نے بھی غیر معینہ مدت تک کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ معطل کرنے کی اطلاع دی تھی۔ معروف گیمنگ پلیٹ فارم ٹوِچ نے بھی صدر ٹرمپ کے اس چینل پر غیرمعینہ مدت تک کیلیے پابندی لگادی ہے۔ ٹرمپ اس چینل کے ذریعے وہ اپنے جلسوں اور ریلیوں کو نشر کیا کرتے تھے۔

دوسری طرف صدر امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 20جنوری کو نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے۔ اکاؤنٹ معطل ہونے سے قبل انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ 20جنوری کو تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ تاریخ میں وہ چوتھے صدر ہوں گے جو نو منتخب صدر کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے۔ آخری مرتبہ ایسا سن 1869میں تب ہوا تھا جب اینڈریو جانسن نے نومنتخب صدر یولیسز گرانٹ کی تقریب حلف برداری میں شامل ہونے سے انکار کیا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button