
خلیج اردو
25 اپریل 2025
پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت دونوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاہم ان کا اب تک اسلام آباد یا نئی دہلی سے براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
اسٹیفن دوجارک کا کہنا تھا کہ اس نازک وقت میں کسی بھی قسم کی غیر ذمے دارانہ کارروائی خطے کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، دونوں ممالک کو کشیدگی بڑھانے کے بجائے مذاکرات کی راہ اپنانی چاہیے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور امریکا اس صورت حال پر بہت قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا فی الحال جموں و کشمیر کے معاملے پر کوئی فوری پوزیشن اختیار نہیں کر رہا تاہم دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اس معاملے پر بھارت کے ساتھ کھڑا ہے اور حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی حمایت کرتا ہے۔