
خلیج اردو
واشنگٹن:امریکی اور برطانوی حکومتوں نے اپنے شہریوں کو بھارت اور پاکستان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں دہشت گردی کی کارروائیاں بغیر وارننگ کے کی جا سکتی ہیں اور ان کارروائیوں کا کسی بھی مقام پر وقوع پذیر ہونا ممکن ہے۔ ایڈوائزری میں خاص طور پر ایل او سی کے قریبی علاقوں میں مسلح تصادم کے خطرے کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جہاں فوجی کشیدگی اور جھڑپوں کے امکانات ہیں۔
اس کے علاوہ، ایڈوائزری میں بھارتی سیاحتی مقامات پر جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں، تشدد اور جنسی حملوں کی اطلاعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جو غیر ملکی سیاحوں کے لیے تشویش کا باعث بن سکتے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی تاکید کی ہے اور انہیں سفر کرنے سے پہلے تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔






