
خلیج اردو
دبئی — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 4 جولائی کو ‘One Big Beautiful Bill’ پر دستخط کیے، جس کے تحت ویزا فیس سے متعلق متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والی شق ’ویزا انٹیگریٹی فیس‘ ہے، جس نے دنیا بھر کے مسافروں، بالخصوص متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد کو سوچ میں ڈال دیا ہے۔
ویزا انٹیگریٹی فیس کیا ہے؟
یہ ایک نئی اضافی فیس ہے جو اب ہر غیر امیگرنٹ ویزا (جیسے سیاحتی، طالبعلمی یا ورک ویزا) کے لیے درخواست دینے والے کو لازماً ادا کرنا ہوگی۔ یہ فیس عمومی ویزا چارجز کے علاوہ لی جائے گی۔
یہ فیس کتنی ہوگی؟
اس فیس کی ابتدائی رقم کم از کم 250 امریکی ڈالر ہے۔ تاہم، امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کا سیکریٹری اس رقم میں اضافہ بھی کر سکتا ہے۔
سال 2026 سے یہ فیس ہر سال مہنگائی کے تناسب (Consumer Price Index) کے مطابق خودکار طور پر ایڈجسٹ کی جائے گی۔
کیا یہ فیس معاف ہو سکتی ہے؟
نہیں، یہ فیس ناقابلِ معافی ہے۔ تاہم، بعض مخصوص صورتوں میں یہ فیس واپس (Reimburse) لی جا سکتی ہے۔
کن صورتوں میں فیس واپس لی جا سکتی ہے؟
فیس کی واپسی کے لیے درج ذیل شرائط پر پورا اترنا ضروری ہے:
-
درخواست گزار نے امریکہ میں قیام کے دوران تمام ویزا قواعد کی مکمل پابندی کی ہو، بشمول غیر قانونی کام سے گریز؛
اور/یا -
ویزا ختم ہونے کے پانچ دن کے اندر امریکہ چھوڑ دیا ہو، بغیر کسی توسیع کی درخواست کے؛
-
یا ویزا کی معیاد کے دوران ہی قانونی طور پر توسیع حاصل کی ہو یا گرین کارڈ (مستقل رہائش) حاصل کر لی ہو۔
یو اے ای کے رہائشیوں کے لیے کیا اہم ہے؟
متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد جو امریکہ کا ویزا حاصل کرنے یا تجدید کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں، انہیں یہ فیس اپنے بجٹ میں شامل رکھنی چاہیے۔ سیاحتی، طالبعلمی یا ورک ویزے کے خواہشمند اب ویزا فیس کے ساتھ ساتھ انٹیگریٹی فیس کی ادائیگی کے بھی پابند ہوں گے، جو ویزا کی کل لاگت میں نمایاں اضافہ کرے گی۔







