عالمی خبریں

نیو جرسی کے جنگلات میں خوفناک آگ، ہزاروں افراد متاثر، ہزار سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل

خلیج اردو
نیوجرسی:
امریکہ کی ریاست نیو جرسی کے جنگلات میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق، اوشین اور لیسی ٹاؤن شپ کے علاقوں میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں ایکڑ رقبے کو لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث علاقے میں بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔

حکام کے مطابق، اب تک 25 ہزار سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جبکہ آگ کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر تین ہزار سے زائد افراد کو علاقہ خالی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ جنگلات میں لگی اس آگ نے نہ صرف رہائشی علاقوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے بلکہ کئی اہم شاہراہیں بھی بند کر دی گئی ہیں تاکہ آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں مؤثر انداز میں کی جا سکیں۔

فائر بریگیڈ کے درجنوں یونٹ آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم تیز ہواؤں کے باعث شعلوں پر قابو پانا مشکل ہو رہا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، نیو جرسی میں حالیہ برسوں میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button