عالمی خبریں

چین کے سنکیانگ میں دنیا کی طویل ترین ایکسپریس وے سرنگ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی

خلیج اردو

چین کے شمال مغربی علاقے سنکیانگ ایغور خود مختار خطے میں دنیا کی طویل ترین ایکسپریس وے سرنگ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق 22 اعشاریہ 13 کلومیٹر طویل تیان شان شینگ لی سرنگ تیان شان پہاڑی سلسلے کے عین وسط سے گزرتی ہے، جس نے دشوار گزار پہاڑی سفر کو کئی گھنٹوں سے کم کر کے صرف 20 منٹ تک محدود کر دیا ہے۔

یہ سرنگ جی صفر سات ایک ایک، ارومچی تا یولی ایکسپریس وے کا حصہ ہے، جس نے اسی روز کام شروع کیا۔ یہ شاہراہ سنکیانگ کے شمالی اور جنوبی حصوں کو ملانے والی ایک اہم کڑی ہے۔ تیان شان پہاڑی سلسلہ تقریباً 2500 کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے اور یہ خطے کے سب سے بڑے شمالی شہر ارومچی کو جنوبی شہر کورلا سے جدا کرتا ہے۔ نئی ایکسپریس وے کے کھلنے سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کا وقت تقریباً سات گھنٹوں سے کم ہو کر تین گھنٹے رہ گیا ہے۔

پانچ سال میں مکمل ہونے والی یہ ایکسپریس وے مجموعی طور پر 324 اعشاریہ 7 کلومیٹر طویل ہے، جس پر 46 اعشاریہ 7 ارب یوان لاگت آئی۔ موجودہ ایکسپریس ویز کے ذریعے یہ نیا روٹ بیجنگ، تیانجن، ہیبی، یانگ زی ریور ڈیلٹا، گوانگ ڈونگ، ہانگ کانگ، مکاؤ گریٹر بے ایریا اور چینگڈو، چونگ چنگ جیسے بڑے معاشی خطوں سے سنکیانگ کو جوڑتا ہے۔

حکام کے مطابق یہ شاہراہ شمالی اور جنوبی سنکیانگ کے درمیان روابط مضبوط کرے گی، معاشی ترقی کو فروغ دے گی اور یوریشیا کے مختلف ممالک کے ساتھ تجارت اور تبادلوں کے لیے نئی راہیں کھولے گی۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button