
خلیج اردو:
متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت و روک تھام نے پہلی بار فلو ویکسین نزل اسپرے کی شکل میں متعارف کروا دی ہے، جس سے سوئی کے بغیر ویکسین لگوانے کا نیا آپشن فراہم ہوا ہے۔ یہ اقدام موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے، خصوصاً ان افراد کے لیے جو زیادہ خطرے کا شکار ہیں۔ نزل اسپرے وہی سالانہ انفلوئنزا اسٹرینز سے تحفظ فراہم کرتا ہے جو انجکشن والی ویکسین دیتی ہے، تاہم یہ کمزور زندہ وائرس پر مشتمل ہوتا ہے اور 2 سے 49 سال کی عمر کے صحت مند افراد، بچوں اور انجیکشن سے گھبرانے والوں کے لیے زیادہ موزوں ہے۔
وزارت صحت کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ندا المرزوقی نے بتایا کہ نزل اسپرے ویکسین امریکی ایف ڈی اے سے منظور شدہ ہے اور اس کی رجسٹریشن اس بات کی علامت ہے کہ وزارت عالمی سطح پر تسلیم شدہ حفاظتی طریقوں کو اپناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ویکسین ایک ہی وائرس اسٹرینز کو ہدف بناتی ہیں، لیکن نزل اسپرے قدرتی طریقے سے قوت مدافعت پیدا کرتا ہے، جو میوکوزل اور سسٹمک دونوں طرح کی مدافعت کو مضبوط کرتا ہے۔ وزارت کے مطابق سوئی کے بغیر استعمال کی وجہ سے یہ بچوں اور انجیکشن سے خوف زدہ افراد کے لیے زیادہ موزوں ہے اور کمیونٹی میں وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔







