
خلیج اردو:
انٹرنیٹ کی دنیا کے سب سے مقبول یوٹیوبر مسٹر بیسٹ غیر متوقع طور پر کے پاپ بینڈ نیو جینز کے قانونی تنازع میں آ گئے ہیں، جب مداحوں نے ان کی ٹک ٹاک پوسٹس کے کمنٹس میں مسلسل پیغامات چھوڑ کر نیو جینز کی رکن ڈینیئل کو “بچانے” کی اپیل کرنا شروع کر دی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو جینز اور ان کے مینجمنٹ معاملات سے متعلق تنازع کے بعد مداحوں نے مسٹر بیسٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے تحریر کیا کہ “ڈینیئل کی مدد کریں”، “نیو جینز کو بچائیں” حتیٰ کہ “ہائپ کمپلیکس خرید لیں”۔ اس مہم کے ساتھ #mrbeastsavenewjeans کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا گیا۔
مسٹر بیسٹ نے مداحوں کے پیغامات پر سادہ سا ردعمل دیتے ہوئے پوچھا، “مجھے کیا کرنا چاہیے؟” جس سے ظاہر ہوا کہ وہ اس معاملے کی قانونی تفصیلات سے آگاہ نہیں تھے۔
نیو جینز گزشتہ برس سے اے ڈور (ADOR) کے ساتھ معاہدے کے تنازع کا سامنا کر رہا ہے۔ اکتوبر میں پہلے ٹرائل میں گروپ کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی۔ گروپ کی رکن ہیرن، ہائین اور ہنی تو ایجنسی میں واپس آگئیں جبکہ منجی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم ڈینیئل کا خصوصی معاہدہ باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
اے ڈور نے اعلان کیا ہے کہ ڈینیئل کے معاہدے کی منسوخی کی اطلاع دے دی گئی ہے اور اس تنازع کے حوالے سے ڈینیئل کے ایک خاندانی فرد اور سابق سی ای او من ہی جن کو بھی قانونی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ کمپنی نے ڈینیئل سمیت تین افراد کے خلاف 43.1 ارب وون ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کر دیا ہے، جبکہ ڈینیئل نے قانونی ٹیم حاصل کر کے جوابی دعویٰ کی تیاری شروع کر دی ہے۔
مقدمے کی بڑی مالی رقم منظر عام پر آنے کے بعد مداحوں نے ایک منفرد حل تجویز کیا کہ دنیا کے مشہور ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ اس معاملے میں مداخلت کریں اور نیو جینز کو مشکلات سے نکالیں۔ فی الحال مسٹر بیسٹ صورتحال سے لاعلم اور الجھن کا شکار ہیں، ہائپ کمپنی اپنی جگہ موجود ہے اور قانونی جنگ بدستور جاری ہے۔







