
خلیج اردو
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے سب سے پہلے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایوان میں مثبت تبدیلی کی باتیں ہورہی ہیں جو خوش آئند ہیں۔ انہوں نے ایوان میں اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے سے متعلق بحث اور قرارداد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری باتوں کو مسترد کیا گیا۔
ڈاکٹر عباداللہ نے تحریک لبیک کے حوالے سے بھی کہا کہ اگر انہیں بین کیا جائے تو تنقید ہوگی، لیکن اس پر بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ آج کا دن حالات خراب کرنے کا نہیں، بلکہ صوبے کے چیلنجز، جیسے امن عامہ، تعلیم اور دیگر شعبوں کی بہتری کے لیے بات ہونی چاہیے۔
اپوزیشن لیڈر نے صوبے میں امن قائم کرنے، دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور متعلقہ اداروں کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ ماہ سے امن عامہ پر بحث جاری ہے اور اپوزیشن کسی بھی غیر قانونی یا غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی، لیکن صوبے کی بہتری اور مثبت اقدامات میں حکومت کا ساتھ دے گی۔
ڈاکٹر عباداللہ نے کابینہ کی موجودگی نہ ہونے، سرکاری وسائل کے غیر مناسب استعمال اور انتظامی امور پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کوشش ہونی چاہیے کہ خیبرپختونخوا کو بہتر بنایا جائے اور صوبے کے عوام کے مفاد میں مثبت اقدامات کیے جائیں۔






