عالمی خبریں

بھارتی اداکارہ روپا دتہ ایک بار پھر گرفتار، سونے کی چوری کا الزام

 

خلیج اردو

کولکتہ: سابق بھارتی ٹی وی اداکارہ روپا دتہ کو ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں سونا چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ ان کی گزشتہ تین برسوں میں دوسری گرفتاری ہے، ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ 15 اکتوبر کو پوسٹا کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے شکایت درج کرائی کہ ان کے بیگ سے سونے کے زیورات اور نقدی چوری ہو گئی ہے۔ پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جس سے 42 سالہ اداکارہ کی شناخت ہوئی۔

تحقیقات کے بعد پولیس نے انہیں برابازار تھانے کے دائرہ کار میں نندارم مارکیٹ کے قریب گرفتار کیا۔ 31 اکتوبر کو روپا دتہ کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں انہیں 7 نومبر تک پولیس تحویل میں بھیج دیا گیا۔

جوائنٹ کمشنر (ٹریفک اینڈ کرائم) روپیش کمار کے مطابق چوری 15 اکتوبر کو شام 4 بج کر 15 منٹ سے 4 بج کر 30 منٹ کے درمیان ہوئی۔ چوری شدہ سامان میں 20 گرام کا منگل سوتر، 21 گرام کی گولڈ چین، 13 اور 9 گرام کے دو کڑے اور 4 ہزار بھارتی روپے شامل تھے۔

پولیس نے بتایا کہ “سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزمہ تک پہنچا گیا۔”

یہ پہلا موقع نہیں جب روپا دتہ چوری کے الزام میں پکڑی گئی ہوں۔ اس سے قبل 2022 میں انہیں ایک کتاب اور متعدد بٹوے چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، اور ان کے قبضے سے تقریباً 75 ہزار درہم مالیت کا سامان برآمد ہوا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button