
خلیج اردو
ایوانِ صدر میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت کے خلاف کارروائی میں اللہ کی طرف سے غیر معمولی مدد حاصل ہوئی۔ انہوں نے قرآنِ مجید کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے سپاہی جب اللہ پر کامل بھروسہ کرتے تھے تو میدانِ جنگ میں دشمن پر پھینکی گئی ریت بھی مددگار ثابت ہوتی تھی۔ اسی طرح جب مسلمان اللہ پر توکل کرتا ہے تو دشمن پر پھینکی جانے والی مٹی بھی میزائل بن جاتی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف کارروائی میں پاکستان کا جذبہ ایمان پر مبنی تھا اور یہی یقین ہمیں اللہ کی نصرت لایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو اسی طرح جواب دیا جائے گا جیسا مئی میں دیا گیا تھا۔
تقریب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔






