پاکستانی خبریں

فیصل آباد میں المناک حادثہ، کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ ،20افراد جاں بحق

خلیج اردو
فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں المناک حادثہ پیش آیا جہاں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے خوفناک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دھماکے کے فوراً بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ فیکٹری کی عمارت اور قریبی گھروں کی چھتیں بھی منہدم ہوگئیں، ملبے تلے کئی افراد دب گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ گیس لیکج کے باعث اسٹیمر بلاسٹ سے پیش آیا۔

جائے حادثہ پر مجموعی طور پر چار فیکٹریاں موجود تھیں، دھماکہ کیمیکل صمد بونڈ تیار کرنے والی فیکٹری میں ہوا جبکہ ساتھ والی تین فیکٹریاں—گلو، سیلیکون اور ایمبرائیڈری—حادثے کے وقت بند تھیں۔ سانحہ میں 9 گھر بھی متاثر ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین مزدور جبکہ دیگر رہائشی افراد شامل ہیں۔ پولیس نے فیکٹری منیجر کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ فیکٹری مالک کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ مقدمہ تھانہ منصورہ آباد میں درج کر لیا گیا ہے جس میں فیکٹری مالک قیصر، منیجر بلال اور پانچ نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمے میں دہشتگردی، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ساٹس
فیکٹری دھماکے نے کئی گھروں کے چراغ گل کر دیے، متاثرہ خاندانوں کے خواب بھی عمارتوں کے ملبے تلے دب گئے۔ کسی کے گھر کا سائبان چھن گیا تو کوئی اپنے پیاروں سے محروم ہوگیا، متعدد سہاگ اجڑ گئے۔ غم سے نڈھال ورثا پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے اور کہا کہ رہائشی علاقوں میں فیکٹریوں کا کوئی جواز نہیں، علاقے میں قائم تمام فیکٹریوں کو فوری طور پر بند کیا جائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button