
خلیج اردو
پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹر پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ حملہ صبح 8 بج کر 11 منٹ پر کیا گیا، جس میں تین حملہ آور مارے گئے۔ ایک حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑالیا جبکہ باقی دو کو سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے ذریعے ناکارہ بنایا۔
سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق حملے میں تین جوان شہید اور دو اہلکار و تین شہری زخمی ہوئے۔ دہشتگردوں کو اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا اور تینوں نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں۔ حملہ ایف سی ہیڈکوارٹر میں پریڈ کے دوران ہوا، جب تقریباً 450 اہلکار موجود تھے۔
علاقے میں بھاری نفری تعینات کی گئی اور کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ سیکیورٹی فورسز شواہد اکٹھا کر رہی ہیں، ذرائع کے مطابق حملہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا اور دہشتگرد پیدل ہی آئے تھے۔






