
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں طویل ویک اینڈ کا آغاز بارش اور مطلعِ ابری کے ساتھ ہوا ہے، جس کے باعث شہریوں کے آؤٹنگ اور روڈ ٹرپ منصوبوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔ بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے آسمان جزوی طور پر اَبرا آلود رہے گا جبکہ ساحلی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ابوظبی میں صبح سویرے متعدد علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی جس سے سڑکیں نم اور فضاء خوشگوار ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں شہر کے مختلف حصوں میں بادلوں کی حرکت اور ہلکی بوندا باندی کے مناظر دیکھے گئے۔ حکام نے گاڑی چلانے والوں کو ہدایت کی ہے کہ صبح کے اوقات میں گیلی سڑکوں اور کم ہوتی ہوئی حدِ نگاہ کے باعث احتیاط برتیں۔
نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق ہفتہ کے روز ملک بھر میں مطلع جزوی طور پر اَبری رہے گا۔ بعض جزیروں، شمالی اور مشرقی علاقوں میں بادل گہرے ہو سکتے ہیں جن سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔ خلیجِ عرب میں سمندر ہلکا سے معتدل رہے گا جبکہ سمندرِ عمان میں پورا دن پرسکون رہے گا۔
درجہ حرارت کے مطابق ابوظبی میں 29/18، دبئی میں 29/21، شارجہ و عجمان میں 30/18، ام القوین میں 27/18، راس الخیمہ میں 30/14، فجیرہ میں 28/20، العین میں 28/17، لیوا میں 30/14، الرویس میں 29/19، السلع میں 27/18 اور دلمہ میں 27/21 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ اسی طرح بڑی و چھوٹی تنب اور ابو موسیٰ میں درجہ حرارت 26/21 رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سطحی کم دباؤ کے نظام اور بالائی کمزور لَو پریشر کی وجہ سے مطلع کہیں کہیں ابر آلود رہے گا، جس سے ساحلی اور جزیرے کے علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ ہفتہ کی شب اور اتوار کی صبح اندرونی علاقوں میں نمی میں اضافہ ہوگا جس سے دھند یا کہر بننے کا امکان ہے۔ روڈ ٹرپ کے خواہش مند افراد کو کم ہوتی دکھائی اور گیلی سڑکوں کے پیشِ نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہلکی سے معتدل ہوائیں بعض اوقات تیز جھونکوں کی صورت اختیار کریں گی، جس سے ریت اڑنے اور صحرائی علاقوں میں حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سمندرِ عمان ہلکا رہے گا جبکہ خلیجِ عرب میں سمندر ہلکا سے معتدل رہے گا۔ ہوائیں جنوب مشرقی سے شمال مغربی سمت میں 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو بعض اوقات 35 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔
چار روزہ پیشگوئی کے مطابق:
اتوار 30 نومبر: مطلع صاف سے جزوی ابر آلود، بعض مغربی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان۔ شب میں نمی میں اضافہ، اندرونی علاقوں میں دھند یا کہر متوقع۔
پیر 01 دسمبر: مطلع صاف سے جزوی ابری، مغربی علاقوں میں کم بادل ہوسکتے ہیں۔ شب میں دھند یا کہر کا امکان برقرار۔
منگل 02 دسمبر: مطلع جزوی ابر آلود، ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ رات میں نمی بڑھنے سے دھند یا کہر کا امکان۔
بدھ 03 دسمبر: ساحلی علاقوں اور جزیروں پر کم بادل، شب میں نمی اور ساحلی علاقوں میں ہلکی دھند بن سکتی ہے۔







