پاکستانی خبریں

اینٹی سموگ گن غیر مؤثر، آلودگی بڑی گاڑیوں سے پھیل رہی ہے، لاہور ہائیکورٹ

خلیج اردو
لاہور: 19 دسمبر 2025۔ لاہور ہائیکورٹ میں سموگ تدارک سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ اینٹی سموگ گن فارغ ہے، اسے کسی اور کام پر لگا دیا جائے کیونکہ فضائی آلودگی زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں سے پھیل رہی ہے۔ عدالت نے محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ تمام سرکاری محکموں کی گاڑیوں کی فٹنس چیک کی جائے تاکہ آلودگی کے اسباب پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔

سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے ایل ڈی اے کے وکیل سے ناصر باغ سے متعلق استفسار کیا، جس پر وکیل نے بتایا کہ ایل ڈی اے اور پی ایچ اے نے ناصر باغ کے حوالے سے ایک سیشن کیا ہے، ناصر باغ کی مجموعی اراضی ایک سو چار کینال ہے، جس میں سے گیارہ کینال پر پراجیکٹ جاری ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ناصر باغ ہی کو اس منصوبے کے لیے کیوں منتخب کیا گیا، جبکہ اطلاعات ہیں کہ وہاں درخت کاٹے جا رہے ہیں۔

عدالت نے مزید کہا کہ ناصر باغ کو چھیڑنے سے پہلے دس بار سوچنا چاہیے تھا، ناصر باغ لاہور کی شناخت ہے اور اورنج لائن اور میٹرو منصوبوں نے پہلے ہی شہر کے تاریخی ورثے کو نقصان پہنچایا ہے۔ عدالت نے سموگ سے متعلق کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button