پاکستانی خبریں

تابش ہاشمی کا متنازع بیان،کیا مشہور کامیڈین کی نوکری خطرے میں پڑ گئی؟

کراچی: پاکستان میں مشہور کامیڈی شو کے میزبان تابش ہاشمی اس وقت تنقید کی زد میں ہیں کیونکہ انہوں نے کراچی کو پرائیوٹائز کرنے کا بیان دیا تھا۔

اس سلسلے میں آج سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایک پریس کانفرنس میں تابش ہاشمی کے بیان کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے مطالبہ کیا کہ وہ متنازع بیان پر تابش ہاشمی کے خلاف کارروائی کرے۔

جب کراچی میں شرجیل میمن صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے تو ان سے ایک رپورٹر نے سوال پوچھا کہ تابش ہاشمی نے کراچی کو پرائیوٹائز کرنے کا بیان دے کر کروڑوں سندھیوں کی دل آزاری کی ہے، کیا آپ اس ٹی وی چینل سے کہہ کر تابش ہاشمی کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں گے؟

اس پر شرجیل میمن نے تابش ہاشمی کو بے وقوف اور کم عقل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نادان ہے، اسے کچھ نہیں پتا۔ وہ قانون سے نابلد اور تاریخ کا علم نہیں رکھتے۔ ان کے بیان کی کوئی وقعت نہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جس شخص نے یہ بیان دیا ہے اس کے چینل کو چاہیے کہ وہ اس کے خلاف کارروائی کرے۔

مسٹر میمن نے کہا کہ سندھ کی اسمبلی نے پاکستان کے قیام کی قرارداد منظور کر کے پاکستان بنایا تھا۔ ان لوگوں کو تاریخ اور سندھ کے جغرافیے کا کوئی علم نہیں۔

شرجیل میمن سے سوال کرنے والے رپورٹر کے سوال میں بھی جذبات پنہاں تھے اور انہوں نے ماضی میں سرکاری ٹی وی چینل سے نکالے گئے ایک تجزیہ کار رضوان رضی کا حوالہ دے کر پوچھا کہ کیا تابش ہاشمی کے کیس میں بھی کوئی کارروائی ہوگی؟

جواب میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جیو نیوز کو انضباطی کارروائی کرنی چاہیے۔

تابش ہاشمی جیو نیوز پر ہنسنا منع ہے کے نام سے کامیڈی شو ہوسٹ کرتے ہیں، تاہم انہوں نے چند روز قبل جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں شرکت کی اور میزبان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کراچی کی نجکاری کی جائے، ہم مل کر اسے خرید لیں گے اور اسے بہتر کریں گے۔

شرجیل میمن جو سندھ کے ایک طاقتور وزیر مانے جاتے ہیں، ان کے سامنے ایسے سوال اور پھر اس کا جواب کچھ حلقوں میں خدشہ پیدا کر گیا ہے کہ کہیں تابش ہاشمی کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔

تابش ہاشمی کا پروگرام اس وقت کافی مقبول ہے اور مسٹر تابش اپنے طرزِ تخاطب اور مہمانوں سے کرنے والے ٹھیکے سوالوں کے لیے کافی پسند کیے جاتے ہیں۔

مسٹر ہاشمی پہلی مرتبہ اس وقت نظروں میں آ گئے جب انہوں نے نشپاتی پرائم نامی ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے کامیڈی شو ٹو بی آنسٹ کا آغاز کیا۔

ان کا شو کافی پسند کیا گیا جس کی بنیاد پر انہیں جیو نیوز میں بطور کامیڈی میزبان پیشکش ہوئی جو انہوں نے قبول کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button