
خلیج اردو
راولپنڈی: آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور چھاؤنی کا دورہ کیا، جہاں انہیں بہاولپور کور کی مختلف آپریشنل، تربیتی اور انتظامی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں، جدید جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے اور مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیرپور ٹامیوالی میں بڑے پیمانے پر ہونے والی تربیتی جنگی مشقیں "اسٹیڈفاسٹ ریزولوو کا مشاہدہ کیا، جن میں ڈرونز، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔جوانوں سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی تیاری کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے میدانِ جنگ کے تقاضوں کے لیے ہر سطح پر اعلیٰ درجے کی تیاری ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں، دور حاضر میں جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے اور مستقبل میں ٹیکنالوجیکل جنگی صلاحیت جسمانی تدابیر کی جگہ لے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے ذہنی تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے اور پاک فوج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہے، جس میں جدت اور مقامی تیاری بنیادی ستون ہوں گے۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب کا افتتاح کیا، جو جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا بھی افتتاح کیا اور کہا کہ معیاری تعلیم اور کردار سازی کے لیے پاک فوج کا عزم برقرار ہے۔
بعدازاں، فیلڈ مارشل نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید پلیٹ فارمز کی مینٹیننس، انڈیجینائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی گئی۔بہاولپور گیریژن پہنچنے پر کمانڈر بہاولپور کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔






