
خلیج اردو
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے تصدیق کی کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، اور بالواسطہ بات چیت میں پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ ایران فی الحال امریکا کے 15 نکات پر غور کر رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں سرگرم کردار ادا کر رہا ہے اور ترکیہ، مصر سمیت کئی دیگر ممالک بھی اس سفارتی عمل اور مذاکرات کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن مذاکرات کے حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں اور موجودہ بحران کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے۔
نائب وزیر اعظم نے ترک وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اردن کے نائب وزیر اعظم سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور فوری کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی، اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون برقرار رکھا جائے گا۔






